اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) کرگل کے محاذ پر وطن کے دفاع کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کا 24 واں یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حوالدار لالک جان شہید (نشان حیدر) نے جرات وبہادری کی جو لازوال داستان رقم کی اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جمعہ کو حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کے 24 ویں یوم شہادت پر اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم حوالدار لالک جان شہید کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ ہو یا بیرونی جارحیت کے خلاف وطن عزیز کے دفاع کا معاملہ، ہمارے غازیوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت و جواں مردی اور ہمارے شہداءنے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے قومی نظریے، ملکی سالمیت اور ہماری آزادی کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔ 1965 کی جنگ ہو یا کارگل کا محاذ، قوم کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر پاک دھرتی کو ہمیشہ شاد و آباد رکھا ہے۔ ایسی ہی ایک مثال حوالدار لالک جان کی ہے جنہوں نے کارگل جنگ میں دشمن کو ایسی کاری ضرب لگائی جسے ہمیشہ یاد رکھے گا۔ حوالدار لالک جان شہید (نشان حیدر) کے چوبیسویں یوم شہادت کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا کہ کشمیر کی وادی غزر جسے وادی شہداءبھی کہا جاتا ہے، آج بھی لالک جان کے قصیدوں سے گونج رہی ہے جہاں انہوں نے اپنے خون سے، وطن سے وفا کی لازوال داستان رقم کی۔
لالک / یوم شہادت