گلگت بلتستان (نوائے وقت رپورٹ) شاہراہ قراقرم لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مختلف مقامات پر بند ہونے سے سینکڑوں مسافر اور سیاح پھنس گئے۔ گلگت بلتستان میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کے بعد شاہراہ قراقرم لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مختلف مقامات پر بند ہو گئی۔ بارش و لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کیڈٹ کالج چلاس اور تتہ پانی کے مقام پر شاہراہ قراقرم کو بند کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں مسافر دونوں اطراف پھنسے ہوئے ہیں۔ شاہراہ قراقرم کی بحالی کا کام تاحال شروع نہیں ہوسکا۔ پھنسے ہوئے مسافروں میں سیاحوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے جنہوں نے شاہراہ کو جلد بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب بابوسر ٹاپ پر 2 انچ سے زائد برفباری ہوئی ہے جبکہ مانسہرہ، بالاکوٹ اور ناران میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث دریائے کنہار، اور ندی نالوں میں پانی کے بہاو¿ میں اضافہ ہوگیا۔ انتظامیہ نے بابوسر ٹاپ کو سیاحوں اور مقامی افراد کے لئے بند کردیا ہے۔ ڈی آئی ایس پی بالاکوٹ کا کہنا ہے کہ بابو سر ٹاپ کو خراب موسم کے باعث بند کیا ہے، موسم ٹھیک ہونے پر روڈ کو کھول دیا جائے گا۔
شاہراہ قراقرم بند