لاہور (خبرنگار) پنجاب کی ضلعی عدلیہ میں بھرتی ہونے والے 20 ایڈیشنل سیشن ججوں اور 26 سول ججوں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ عرفان احمد سعید نے حلف لیا۔ تقریب میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری امیر محمد خان، سیشن جج ہیومن ریسورس چودھری عبدالرشید عابد، ڈی جی پنجاب جوڈیشل اکیڈمی چودھری اشتر عباس اور حلف اٹھانے والے ججز کے عزیزواقارب بھی موجود تھے۔ چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے کہا کہ تمام جوڈیشل افسر مبارکباد کے مستحق ہیں جو آج عدلیہ کا حصہ بنے ہیں، یہ حلف نامہ جج اور اللہ تعالیٰ کے درمیان ایک خاص رابطہ قائم کرتا ہے۔ کسی جج کے عزیزواقارب اسے حدود سے تجاوز کرنے کی ترغیب دیتے ہیں تو انہیں سیدھے انداز میں انکار کریں تاکہ انہیں اندازہ ہو کہ انہیں آپ کے عدالتی معاملات میں مداخلت کا کسی بھی قسم کا اختیار نہیں ہے، جج کے منصب پر فائز ہر شخص کو اپنے رشتوں، خواہشات اور وقت کی قربانی دینا ہوتی ہے ، لیکن یہ منصب اللہ تبارک و تعالیٰ کی جانب سے ایک انعام ہے، آپ لوگوں نے موجودہ تنخواہ و پیکج کے ساتھ اس عہدے کو قبول کیا ہے، کل اگر کوئی یہ کہے کہ تنخواہ کم ہے تو اس کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ ججز بغیر کسی دنیاوی خوف و خطر کے میرٹ پر انصاف کریں، ہم اپنے ہر فیصلے پر اللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہ ہیں، ہمارے بہترین فیصلوں سے اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل ہوتی ہے اور اس کا اجر ہمیشہ ہمارے شاملِ حال رہتا ہے۔ہمارے عدالتی فیصلے آخرت میں ہماری جزا و سزا کا محور ہونگے۔
جج میرٹ پر انصاف کریں رشتہ دار حدود سے تجاوز کا کہیں تو انکار کردیں ، چیف جسٹس ہائیکورٹ
Jul 08, 2023