لاہور‘ کراچی ( کامرس رپورٹر) ملٹی نیشنل کمپنی نے ڈبہ پیک دودھ کی قیمت میں 20روپے لیٹر جبکہ مصالحہ جات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔ ملٹی نیشنل کمپنی نے 250ایم ایل دودھ کے ڈبے کی قیمت 5روپے اضافے سے70روپے جبکہ 1000ایم ایل دودھ ڈبے کی قیمت20روپے اضافے سے280روپے مقرر کر دی۔ قیمت میں اضافے کا اطلاق 15 جولائی سے ہوگا۔ جنوری میں فی لیٹر دودھ230روپے میں دستیاب تھا۔ مصالحہ جات بنانے والی کمپنیوں نے بھی قیمتوں میں10سے 140روپے تک اضافہ کردیا۔ 40روپے والے ساشے کی قیمت 10روپے اضافے سے 50روپے ، 50گرام وزن والے ڈبے کی قیمت 10روپے اضافے سے110روپے، ڈبل پیک کی قیمت 20روپے اضافے سے 210روپے جبکہ دانے دار حلیم کے ڈبے کی قیمت 140روپے اضافے سے 330روپے مقرر کر دی گئی۔ ادھر کراچی کی ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے اورایک ہفتے کے دوران چینی کی 50 کلو بوری 250 روپے مہنگی ہوئی ہے۔ ہول سیل مارکیٹ میں 50 کلو چینی کا بیگ 6250 روپے سے بڑھ کر 6500 روپے کا ہوگیا ہے، شہر میں ایک ہفتے کے دوران چینی کی قیمت میں پانچ روپے فی کلو اضافہ ہوا،اس وقت کراچی میں ہول سیل میں چینی کی فی کلو قیمت 130 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، بجٹ سے قبل چینی کی قیمت 121 روپے فی کلو تھی، ریٹیل میں چینی کی قیمت 132 سے 133 روپے فی کلو ہے۔
دودھ/ چینی مہنگے