سری نگر (کے پی آئی) سری نگر(کے پی آئی) کشمیری حریت پسند کمانڈر شہید برہان مظفر وانی کی 7ویں برسی کے موقع پر ہفتے کومقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے برہان وانی اور تحریک آزادی کشمیر کے دیگر شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دی ہے۔ دیگر آزادی پسند تنظیموں اور رہنماﺅں نے ہڑتال کی کال کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا ہے۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہبرہان وانی کے آبائی علاقے ترال قصبے کی طرف مارچ کریں تاکہ شہداکے اہلخانہ کیساتھ اظہار یکجہتی کیا جاسکے۔آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں شہید برہان وانی کی یاد میں خصوصی تقاریب ہوں گی جبکہ ہندو انتہا پسند بھارتی بی جے پی حکومت کی انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر میں مزید دو مدارس (اسلامی تعلیمی اداروں) کو قبضے میں لے کر سیل کر دیا ہے۔ دوسری جانب سانبا ضلع میں بھارتی فوجی کیمپ میں سپاہی ڈومبل میور نے جمعہ کو خود کو گولی مار کر ہلاک کر دیا یہ واقعہ مشہور آرمی کیمپ میں پیش آیا۔ فوجی کی شناخت مہاراشٹر کے ڈومبل میور کے طور پر ہوئی ہے۔ سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ آرٹیکل370 کے خاتمے کے بعد کشمیریوں کو جیلوں میں بند کیا گیا انہیں پابندیوں میں جھکڑ دیا گیا۔ سری نگر میں جی 20 کا اجلاس ہوا مگر مقامی لوگ خاموش تماشائی بن کر رہ گئے، ان کے پاس سخت پابندیوں کی پیروی کے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں ہے۔ یہ اجلاس اس لیے بلائے گئے کہ کشمیر میں حالات نارمل دکھائے جائیں۔ محبوبہ مفتی نے بھارتی اخبار میں اپنے مضمون میں لکھا ہے کہ سری نگر میں جی 20 کے ایک سفارت کار کا انٹرویو کیا گیا، تو انہوں نے کچھ شرارتی انداز میں کہا کہ سڑکوں کو بالکل ہی صاف کر دیا گیا تھا۔
برہان وانی کی برسی پر آج مکمل ہڑتال ، بھارتی جبر، دنیا کی خاموشی پر احتجاج کرینگے : حریت کانفرنس
Jul 08, 2023