لاہور (خصوصی نامہ نگار) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر ، ممتاز دینی سکالر ، متعدد دینی کتابوں کے مصنف اور جامع محمد ی اہلحدیث سنت نگر فردوس پارک کے سرپرست اعلیٰ مولانا فضل الرحمن بن محمد نے کہا ہے کہ مسلمان دنیا بھر کے مختلف خطوں میں زیر عتاب ہیں 5درجن کے قریب دنیا میں مسلم ممالک ہیں لیکن غیر موثر ہیں آپس میں کوئی الحاق نہیں۔ ایک دوسرے کا درد نہیں جو بڑی طاقتیں چاہتی ہیں کر رہی ہیں۔ دنیاوی اعتبار سے ہر نعمت انہیں حاصل ہے۔ ہماری معیشت کی ڈوریں بڑی طاقتوں کے ہاتھ میں ہیں۔ ہم مجبور اور لاچار ہو کر ان کے رحم و کرم پر پڑے ہیں۔ ان تمام حالات کی وجوہات ہم سب کو پتہ ہے کہ دین سے دوری اور بے عملی ہماری سرشت میں شامل ہوگئی ہے۔ دنیا میں آئے دن ہماری مقدس کتاب قرآن پاک کی بے حرمتی اور شان ِ رسالت میں گستاخیاں ہو رہی ہیں لیکن ہم کوئی ٹھوس اور عملی اقدامات کرنے سے قاصر ہیں۔ دنیا صرف طاقت کی زبان سمجھتی ہے۔ آج اگر ہم اپنے دین مقدس اور نبی رحمت کے طور طریقے اپنالیں۔ ہر مسئلے کیلئے اپنے دین سے رہنمائی لیں تو کوئی وجہ نہیں کہ دنیا میں عزت و وقار ہمارے قدم چومے ۔بس اپنے دین کی سچائیوں پر چل پڑیں۔ دنیا خود ہمارے قدموں میں ہوگی۔
دین سے دوری ، بے عملی ہماری زبوں حالی کی وجوہات ہیں: مولانا فضل الرحمن بن محمد
Jul 08, 2023