لاہور(خصوصی نامہ نگار)عالمی جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی چیئرمین اور امیر دارالعلوم حزب الاحناف مفتی پیر سید مصطفےٰ اشرف رضوی نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے ملعون کو پھانسی دی جائے۔ قرآن پاک کی بے حرمتی روکنے اور ناموس رسالت کی حفاظت کیلئے عالم اسلام کے تمام مسلمانوں کو متحد ہونا ہوگا۔ جب کہیں بھی رسول اللہ کی شان میں گستاخی ہوتی ہے یا قرآن پاک کی بے حرمتی ہوتی ہے تو یورپی ممالک مذہبی دہشت گردی کرنے والے ملعونوں کو پناہ دے دیتے ہیں۔جس کی وجہ سے ایسے واقعات بار بار دھرائے جاتے ہیں۔ آج پورا عالم اسلام رنجیدہ اور سراپا احتجاج ہے۔ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کسی بھی مذہب کی توہین ناقابل برداشت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دارالعلوم حزب الاحناف دادربار روڈپراحتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں پیر سیدحیدر مصطفےٰ رضوی، مولانا محمد طفیل، پیر مشتاق چشتی، پیر مراد احمد رضوی، مفتی ثاقب گولڑوی علماءمشائخ اور سول سوسائٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مفتی پیر سید مصطفےٰ اشرف رضوی کا کہنا تھا کہ مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی اور قرآن پاک کی بے حرمتی مذہبی دہشت گردی ہے۔جس کی شدید مذمت کرتے ہیں اورعالم اسلام سے سویڈن کے سیاسی، سماجی اور تجارتی بائیکاٹ کا مطالبہ کرتے ہیں۔ عالمی برادری اس مذہبی دہشت گردی کا نوٹس لے۔جس کی وجہ سے پوری دنیا کا امن خطرے میں ہے۔