ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کے ایم ایس اوپن ڈور پالیسی پر عمل کریں: ڈاکٹر جمال ناصر 

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے ہدایت کی ہے کہ تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اوپن ڈور پالیسی پر عمل کریں اور مریضوں کیلئے اپنے دروازے ہمیشہ کھلے رکھیں۔ سرکاری ہسپتال کروڑوں غریب شہریوں کے علاج معالجے کیلئے بنائے گئے ہیں ۔ چند لوگوں کو نوکریاں دینا ہی مقصد نہیں۔ تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ اپنے ہسپتال کا تفصیلی وزٹ کریں اور مریضوں سے مل کر ان کے مسائل معلوم کریں۔ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے ضروری ٹیسٹوں کیلئے مشینری دستیاب ہے۔ خراب مشینیں بلا تاخیر ٹھیک کروائی جائیں۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے ویژن کے تحت تمام وزراءہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتیں بہتر کرنے کیلئے دن رات کام کیا جا رہا ہے۔ وہ گزشتہ روز پنجاب کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کی ماہانہ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان کی زیر صدارت اجلاس میں ہسپتالوں کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔جس میں صوبے بھر کے 26 ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس شریک ہوئے۔ کانفرنس میں سپیشل سیکرٹری ہیلتھ فاطمہ شیخ،ایڈیشنل سیکرٹری خضرافضال، راشد ارشاد اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن