لاہور(کامرس رپورٹر)شوکت خانم میموریل ہسپتال کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی آن لائن قربانی کی سہولت فراہم کی گئی جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگوں نے بھر پور حصہ لیا۔ رواں سال ہسپتال کو گزشتہ برس کے مقابلے میں تقریباً 20فیصد زیادہ آرڈرز موصول ہوئے۔ گزشتہ چند سالوں میں شوکت خانم ہسپتال کی آن لائن قربانی کو دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں میں خاصی مقبولیت حاصل ہوئی ہے اور ہر سال ہزارو ں افراد بھرپور اعتماد سے اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ہسپتا ل کی جانب سے قربانی کیلئے صحت مند جانوروں کا انتخاب کیا جاتا ہے اور قربانی کی ادائیگی جدید ترین اور حفظان صحت کے اصولوں پر عمل پیرا مضبحہ خانوںمیں کی جاتی ہے ۔ اس بات کو خصوصی طور پر یقینی بنایا جاتا ہے کہ قربانی کے جانور کو مقرر کردہ شرعی طریقہ کار کے عین مطابق ذبح کیا جائے۔ اس سال ہسپتال کے عملے اور رضاکاروں کی مدد سے پاکستان بھر میں 562,000کلو گرام گوشت 93,000ضرورت مندخاندانو ں میں تقسیم کیا گیا۔ شوکت خانم آن لائن قربانی لوگوں کو یہ موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ عیدالاضحی کی خوشیاں ان افراد کے ساتھ بھی بانٹیں جو قربانی کی استطاعت نہیں رکھتے۔ قربانی کے بعد جانوروں کا گوشت حفظان صحت اصولوںکے مطابق پیک کر کے ملک کے مختلف شہروں میں مستحق خاندانوں میں تقسیم کیا جاتاہے۔