لاہور(کامرس رپورٹر )لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف یوم تقدس قرآن منایا جبکہ اس موقع پر تقدس قرآن کانفرنس بھی منعقد ہوئی۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کانفرنس کی صدارت کی جبکہ سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری، بشپ آف لاہور ندیم کامران، سکھ کمیونٹی رہنما بشن سنگھ، عیسائی، ہندو برادری کے نمائندوں، مارکیٹوں کے رہنماؤں اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے کانفرنس میں شرکت کی جبکہ اس موقع پر پرامن مظاہرہ بھی کیا گیا جس میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ قرآن پاک کی توہین روکنے کیلئے مسلمان ممالک اجتماعی اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اس افسوسناک واقعہ پر رنجیدہ اور اس کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیتی ہے کہ وہ اس مذموم فعل کے خلاف انتہائی سخت موقف اختیار کرے کیونکہ یہ آزادی اظہار رائے نہیں بلکہ دہشت گردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اچھا شگون ہے کہ اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے فوری طور پر اجلاس طلب کیا لیکن اس طرح کے مذموم اقدامات کر روکنے کے لیے ساری دنیا کو متفقہ حکمت عملی بنانا ہوگی۔ کاشف انور نے کہا کہ قرآن پاک یا کسی اور مقدس کتاب کی بے حرمتی جرم ہے، دنیا کے کسی بھی حصے میں ایسے اقدامات کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ایسا گھنا?نا عمل رواداری اور امن پھیلانے کی بین الاقوامی کوششوں کے منافی ہے، دنیا بھر کے ممالک کو ایسے اقدامات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات اٹھانا چاہئیں۔ کاشف انور نے کہا کہ حکومت اس مذموم فعل کے بارے میں عالمی برادری کو اپنی تشویش سے آگاہ کرے اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کا بھی مطالبہ کرے۔ بشپ آف لاہور ندیم کامران نے کہا کہ قرآن پاک کی توہین ایک افسوسناک واقعہ ہے اور مسیحی برادری اس میںدکھ میں مسلمانوں کے شانہ بشانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مذہب دوسرے مذہب کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دیتا، جس شخص نے سویڈن میں یہ حرکت کی ہے وہ عراقی شہری ہے ، سویڈن کی حکومت کو اسے روکنا چاہیے تھا۔ سکھ کمیونٹی رہنما بشن سنگھ نے کہا کہ کسی کو بھی یہ حق نہیں کہ اسلام کی بے حرمتی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پوری سکھ کمیونٹی قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا ایک ایسا قانون بنایا جائے جس کے تحت کسی بھی مذہب کی بے حرمتی جرم قرار دی جائے۔
لاہور چیمبر کی قرآن پاک کی بیحرمتی کیخلاف یوم تقدس پر قرآن کانفرنس
Jul 08, 2023