لاہور(سپورٹس رپورٹر) لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا نے کہا ہے کہ زمبابوے میں پلیئرز ڈیویلپمنٹ پروگرام ہماری مسلسل محنت، کھیل کی خدمت، نوجوان کرکٹرز کیلئے بہتر مواقع اور شفافیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہم نے پاکستان میں لاکھوں کرکٹرز کے اوپن ٹرائلز لے کر ٹیلنٹ کو سامنے لانا کا ایک نیا منصوبہ شروع کیا اور آج بین الاقوامی سطح پر قلندرز کے پلیئرز ڈیویلپمنٹ پروگرام کی اہمیت کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔ یہ پاکستان کیلئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔ کیونکہ زمبابوے کرکٹ نے قلندرز کے پلیئرز ڈیویلپمنٹ پروگرام اور اس کے کامیاب ماڈل سے متاثر ہو کر ہمارے ساتھ مل کر یہ کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انگلینڈ سے یارک شائر کاونٹر کا وفد بھی اوپن ٹرائلز کے موقع پر پاکستان آیا تھا۔ انگلش فاسٹ باؤلر ڈیرن گف اور ان کی ٹیم نے خود ٹرائلز دیکھے۔ ان ٹرائلز کی وجہ سے ملک بھر میں نوجوان کرکٹرز میں ایک نئی امید پیدا ہوئی ہے۔ فرنچائز مالک کی حیثیت سے میرے لیے زمبابوے جا کر پلیئرز ڈیویلپمنٹ پروگرام باعث اطمینان ہے۔ یقینا ایسی سرگرمیوں سے زمبابوے کرکٹ کو بھی فائدہ ہو گا۔ دنیا کے کئی ممالک میں لیگ کرکٹ ہو رہی ہے۔ مختلف ملکوں میں کرکٹ کھیلی جا رہی ہے لیکن پلیئرز ڈیویلپمنٹ کیلئے زمبابوے کا صرف قلندرز کیساتھ کام کرنے کا فیصلہ ہمارے کام کرنے کے انداز کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ لوگ جب شاہین آفریدی، فخر زمان، حارث روف، زمان خان اور دیگر کرکٹرز کو دیکھتے ہیں تو انہیں امید نظر آتی ہے کہ ایک دن وہ بھی ان کھلاڑیوں کی طرح بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔ میرے لئے سب سے بڑا اعزاز یہی ہے کہ ہمارے مختلف منصوبوں سے ملک کو فائدہ ہو رہا ہے، پاکستان کا نوجوان کھیل کے میدانوں میں واپس آ رہا ہے، کرکٹ کے میدان آباد ہو رہے ہیں اور پاکستان کے نوجوان کھلاڑی دنیا میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ زمبابوے میں ہونے والے اس پروگرام کا سارا کام ہمارے چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا نے کیا ہے جبکہ وہاں ٹرائلز کے موقع پر عاقب جاوید کی قیادت میں ہماری ساری ٹیم موجود ہو گی۔ ہم ایسے کئی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ آنے والے دنوں قلندرز امریکہ اور کینیڈا میں بھی نظر آ سکتے ہیں۔ ہم سارا سال کام کرتے ہیں اور دنیا میں قلندرز کے غیر معمولی کاموں کی اہمیت کو تسلیم کیا جا رہا ہے ایک پاکستانی کی حیثیت سے میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔
زمبابوے میں پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام باعث اطمینان: عاطف رانا
Jul 08, 2023