نیویارک+لندن (این این آئی+اے پی پی)مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے سوشل میڈیا ایپ تھریڈز کی لاونچ سے کچھ گھنٹے قبل میٹا پر ہرجانے کا مقدمہ کرنے کی دھمکی دے دی۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایلون مسک کے وکیل کی جانب سے میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ کے نام خط آن لائن نیوز آوٹ لیٹ پر شائع کیا گیا۔خط میں میٹا پر ٹوئٹر کے سابق ملازمین کو نوکری دے کر تجارتی رازوں اور انتہائی خفیہ معلومات تک رسائی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ٹویٹر نے فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا کو نئی سوشل میڈیا ایپ تھریڈز لانچ کرنے پر اس کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ برطانو ی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ٹویٹر کے وکیل ایلکس سپیرو کی جانب سے بھیجے گئے خط میں میٹا پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے ٹویٹر کے سابق ملازمین کی خدمات حاصل کیں جو کمپنی کی خفیہ معلومات اور تجارتی راز رکھتے تھے ۔دوسری جانب ٹویٹر کے سربراہ ایلون مسک نے اسی حوالے سے ایک ٹویٹ میں کہا کہ مسابقت ٹھیک ہے تاہم دھوکہ دہی ٹھیک نہیں ہے۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹویٹر اپنے انٹیلیکچوئل پراپرٹی رائٹس یعنی املاک دانش کے حقوق سختی سے نافذ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور میٹا سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ٹویٹر کے تجارتی راز یا دیگر انتہائی خفیہ معلومات کا استعمال روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ دوسری جانب میٹا کی ترجمان نے تھریڈز پر پوسٹ میں کہا کہ سوشل میڈیا ایپ کی انجینئرنگ ٹیم میں ٹویٹر کا کوئی سابق اہلکار شامل نہیں ہے۔ واضح رہے کہ جمعرات کو میٹا نے نئی سوشل میڈیا ایپ لانچ کی جس پر ایک دن میں 3 کروڑ سے زائد صارفین اپنا اکانٹ بنا لیا ہے۔
ٹوئٹر کی میٹا پر ہرجانے کا مقدمہ کرنے کی دھمکی
Jul 08, 2023