راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے )دربار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ عالمِ اسلام کے مسلمان اپنا تعلق مضبوطی کے ساتھ قرآنِ کریم سے جوڑ کر ہی عروج اور کامیابی کے راستے پر گامزن ہو سکتے ہیں۔ قرآنِ کریم ہی ہماری معیشت ہے اور قرآنِ کریم ہی ہماری عزت ہے۔ قرآنِ کریم کو پڑھنے اور اسے سمجھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی آج اشد ضرورت ہے۔ خوشی ہے کہ او آئی سی نے سویڈن میں ہونے والے قرآنِ کریم کی بے حرمتی کے خلاف ہنگامی اجلاس بلایا۔ اقوامِ متحدہ اور مختلف ممالک کے سربراہوں نے بھی اس فعل کی مذمت کی ہے۔ آج دنیا بھر کے دو ارب سے زائد مسلمان تڑپ کر رہ گئے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم تقدیس و یوم حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے موقع پر عید گاہ شریف میں جمعۃ المبارک کے عظیم اجتماع سے خصوصی خطاب کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے جہاں مسلمان دنیا بھر میں سراپا احتجاج ہیں تو وہیں عالمی سطح پر مؤثر قانون سازی کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی کریم ؐ نے ہمیشہ غیر مسلموں سے بھی حسنِ سلوک سے پیش آنے کی تعلیمات دی ہیں۔دینِ اسلام ہمیں محبت و سلامتی کا درس د یتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی طرزِ زندگی پر روشنی ڈالی انہوں نے کہا کہ حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ہمیشہ اللہ کی خوشنودی کی خاطر منافع کے لئے نہیں بلکہ اللہ کی رضا کی خاطر ہمیشہ اللہ سے تجارت کی اور آپ ہر موقع پر اللہ سے تجارت کو فوقیت دیتے تھے۔ عظیم روحانی خطاب کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن نے عالم اسلام کے اتحاد، افواجِ پاکستان کی سلامتی اور پاکستان کی ترقی و سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی۔
قرآنِ کریم کو پڑھنے، سمجھنے اور عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے،پیر نقیب الرحمن
Jul 08, 2023