لاہور (خصوصی نامہ نگار) عالمگیری بادشاہی مسجد لاہور میں یوم تقدس قرآن پاک کو منانے کے حوالے سے تحفظ قرآن پاک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ صدارت چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور سفیرامن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کی۔ جبکہ کانفرنس کے مہمان خصوصی نگران صوبائی وزیر اوقاف پنجاب سید اظفر علی ناصر تھے۔ کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام و مشائخ عظام،زعمائ، راہنما، صحافی دانشور اور معروف سماجی شخصیات نے شرکت و خطاب کیا۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم ساری کائنات انسانی کیلئے رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے، قرآن کریم کی حرمت اور تمام انبیاء کی ناموس کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے، دو ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات اور احساسات کے کھیلنا بند کیا جائے اس واقعہ پر سویڈن حکومت معافی مانگے، اظفر علی ناصر نے مغرب میں توہین اسلام کے منظم اور متواتر واقعات سے عالمی امن کو خطرہ ہے،سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، علماء کرام و مشائخ عظام مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ہمیں احترام انسانیت، مذہبی ہم آہنگی، رواداری، اخوت و محبت پھیلانے کا درس دیتا ہے، عالمی ادارے اقوام متحدہ، او آئی سی ایسے اقدامات کے خلاف سخت قانون سازی کریں تاکہ کوئی بھی شخص کسی بھی مذہب کے مقدسات کی بے حرمتی کرنے کی جرات نہ کر سکے،جس شخص نے سوئیڈن میں یہ ناپاک جسارت کی ہے عالمی عدالت انصاف میں لاکر قرار واقع سزا دی جائے، کانفرنس کے آخر میں عالم اسلام کے اتحاد و وحدت،حرمین شریفن کی حفاظت،پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعاء کی گئی ۔