لاہور+اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)صوبہ خیبر پی کے میں تین روزہ شندور پولو فیسٹیول کا رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ آغاز ہوگیاہے، فیسٹیول 9 جولائی تک جاری رہے گا، 12,500 فٹ بلندی پر دنیا کے بلند ترین پولو گراونڈ میں کھیلا جانے والا اپنی نوعیت کا منفرد ایک فیسٹول ہے۔افتتاحی تقریب میں چترال اور گلگت بلتستان کی پولو کی ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا جبکہ بینڈز نے مختلف دھنوں پر مشتمل قومی نغمے پیش کئے۔ اس موقع پر مقامی فنکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے وزیرستانی، کالاش، چترال اور خٹک ڈانس پیش کیا۔حکومت خیبر پی کے اور فرنٹیئر کور نارتھ کے باہمی اشتراک سے منعقدہ افتتاحی تقریب میں پیرا گلائیڈرز نے وہاں موجود شائقین سے خصوصی داد وصول کی۔ شندور پولو فیسٹول کے پہلے دن مختلف ٹیموں کے درمیان تین میچز کھیلے گئے۔شندور پولو فیسٹول کو دیکھنے کے لئے بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے علاقے کا رخ کیا ہے اس کے ساتھ ساتھ اعلی سول اور ملٹری حکام سمیت انتظامیہ کے عہدیداران اور علاقے کی عوام شرکت کر رہے ہیں۔ تین روزہ فیسٹول میں پولو کے میچز کے ساتھ ساتھ شرکا کے لئے رات کے وقت خصوصی طور پر آتش بازی اور کیمپ فائر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
تین روزہ شندور پولو فیسٹیول کا رنگا رنگ تقریبات کیساتھ آغاز
Jul 08, 2023