شکارپور(این این آئی) غیرت کے نام پر ملزم نے فائرنگ کرکے ماں اور ہمشیرہ کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ گڑھی یاسین کے قریب گولو دڑو تھانے کی حدود گاؤں گل حسن ودھیو میں پیش آیا، جہاں ملزم غلام رسول نے طیش میں آکر اپنی 45سالہ ماں مسمات زبیدہ اور 19سالہ بہن مسمات مسکان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، پولیس کی جانب سے واقعے کی جو وجہ بتائی جارہی ہے کے ملزم کی بہن نے کچھ دن پہلے کورٹ کے ذریعے اپنے شوہر سے طلاق لے لی تھی جس پر ملزم غلام رسول کو تشویش تھی کہ وٹہ سٹہ کی شادی کے سبب اس کی اپنی بیوی بھی طلاق لے لے گی اس وجہ سے ملزم غلام رسول نے طیش میں آکر اپنی ماں اور بہن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، پولیس نے موقعے پر پہنچ کر لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا، جہاں سے ضروری کاروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں، پولیس کے مطابق ماں اور بہن کو قتل کرنے والے ملزم غلام رسول کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔