بارش جاری، حادثات، 2افراد جاں بحق، 8زخمی: چناب ، راوی، برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ

چناب نگر‘ اسلام آباد‘ جامشورو (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ ) چناب نگر اور قرب و جوار میں موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی۔ بارش‘ آسمانی بجلی گرنے اور دیگر حادثات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے۔ شہر بارش کے پانی میں ڈوب گیا۔ شہر کی سڑکیں‘ گلیاں اور بازار دریا کا منظر پیش کرتے رہے۔ چناب نگر شہر میں حالیہ بارشوں نے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کی مجرمانہ غفلت  اور لاپروائی  کا پول کھول دیا۔ شہر اور ملحقہ علاقوں میں گلیاں‘ سڑکیں گندے جوہڑ اور تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔ بارش کا پانی گھروں‘ دکانوں میں داخل ہو گیا۔ دکانوں میں پڑا لاکھوں کا سامان کباڑ بن گیا۔ اس کے علاوہ بارش کی وجہ سے مختلف مقامات پر پھسلن‘ حادثات اور آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص ممورا جاں بحق ہو گیا جبکہ آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے جن کو ڈی ایچ کیو منتقل کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں چناب نگر کے مقام پر دریائے چناب میں فلڈ وارننگ جاری کر دی گئی۔ نشیبی علاقوں کو خالی کروا لیا گیا۔ دریائے چناب میں چنیوٹ کے مقام پر حالیہ بارشوں اور گلیشیئر پگھلنے کے باعث پانی کی سطح بلند ہونے لگی۔ دریائے چناب میں پانی کی مقدار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ دریا کنارے فصلوں میں پانی داخل ہو گیا۔ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت احتیاطی تدابیر اپنانی شروع کر دیں۔ حالیہ بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی مشینری و عملے کی موجودگی  یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ایمرجنسی میڈیکل عملہ کی موجودگی یقینی بنائے جبکہ سیاح و مسافر سفر سے قبل موسمی حالات سے باخبر رہیں۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت کشمیر‘ گلگت بلتستان‘ خیبر پی کے‘ خطہ پوٹھوہار‘ شمال مشرقی/ جنوبی پنجاب‘ شمال مشرقی بلوچستان اور سندھ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے۔ دریائے چناب، راوی اور برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ پیدا ہو گیا، فلڈ کمشن نے وارننگ جاری کر دی ہے۔ فلڈ کمیشن نے 8 سے 14 جولائی تک دریاؤں کے کیچمنٹ علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق 8 اور 9 جولائی کو دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلابی ریلے کا امکان ہے۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ دریائے راوی میں گرنے والے برساتی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے، ڈی جی خان، بلوچستان، بنوں، کوہاٹ کے نالوں میں بھی طغیانی آ سکتی ہے۔ تنبیہ کی ہے کہ آئندہ 48 گھنٹے میں ملک کے بیشتر علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے۔  جامشورو میں سیم نالے کے قریب خانہ بدوش کے گھر پر آسمانی بجلی گر گئی۔ پولیس کے مطابق 23 سالہ رمیش ہلاک اور بھائی زخمی ہو گیا۔

ای پیپر دی نیشن