شیخو پورہ (نامہ نگارخصوصی) آل پاکستان پاسٹرز الائنس کے مرکزی چیئر مین ڈاکٹر قیصر شہزاد نے بشپ آف لاہور جبار عالم، بشپ منظور مسیح، بشپ ڈاکٹر ندیم مسیح اور بشپ جان پال سے ملاقات کی اس دوران پاکستان کی سلامتی ،ترقی ،خوشحالی ،استحکام کی دعا کیساتھ ساتھ مسیحی برادری کے حقوق کے تحفظ ، مذہبی تقریبات میں ملنے والی سہولیات سمیت دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر قیصر شہزاد نے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت مسیحی برادری کی قربانیوں کو بھی کسی صو ر ت بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے ۔پاک وطن کی ترقی،خوشحالی کیلئے اقلیت اکثریت کیساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر پاک وطن کی خودمختاری کیلئے پاک فوج اور قوم کیساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا وطن ہے جس کا استحکام ہمیں اپنی جانوں سے عزیز ہے ملکی سلامتی کی خاطر اقلیتوں نے ہمیشہ مربوط کر د ا ر ادا کیا اور آئندہ بھی بھر پور جوش و جذبہ سے ملکی استحکام و ترقی کیلئے جدو جہد کی جاتی رہے گی۔