گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کمشنر گجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی اور ایم ڈی واسا کاشان حفیظ بٹ کے ہمراہ سمن آباد ڈسپوزل اسٹیشن،علی پور چوک ڈسپوزل اسٹیشن کاوزٹ کیا جس میں سیوریج اور مون سون کے نکاسی آب کے مسائل سے نمٹنے کے لیے خصوصی اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات اور کمشنر گوجرانولہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز صاحبہ کا واضح حکم ہے کہ بارش کے دنوں میں نالوں کی صفائی پراپر ہو اور کوئی مین ہول کھلا نہ رہے جو کہ کسی بھی قسم کے جانی نقصان کی وجہ بن سکتا ہے ، ایم ڈی واسا کو ہنگامی بنیادوں پر اپنی ٹیموں کو ڈیوٹی پر مامور رہنے کی بھی ہدایت کی اور مزید کہا کہ کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی نے ہیڈ آفس واسا گوجرانوالہ کا دورہ بھی کیا ۔ جہاں پر ایم ڈی واسا کاشان حفیظ بٹ نے واسا کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی معیاری سروسز مہیا کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور شہریوں کی شکایات کا ازالہ ہنگامی بنیادوں پر کیا جارہاہے۔ مون سون کے حوالے سے اتوار کو چھٹی کے روز بھی نکاسی آب کے کام بھرپور طر یقے جاری ہیں ۔ دوران بریفنگ وزیر بلدیات نے گوجرانوالہ کے واٹر سپلائی و سیوریج سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے لئے ماسٹر پلاننگ تیار کرنے کی ہدایت کی۔قبل ازیں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی، ڈی سی گوجرانوالہ محمد طارق قریشی نے ایم ڈی واسا کاشان حفیظ بٹ کے ہمراہ بارش کے بعد شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے کاموں کا جائزہ لیا۔