لاہور(کامرس رپورٹر) سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب نے لاہور پرائم سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ کے پلاٹ نمبر 4 اور پلاٹ نمبر 5 کا قبضہ دینے کیلئے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں پلاٹوں کا قبضہ پاکستان کورپوریٹ کنسورشیم رئیٹ فنڈ کو دیا گیا۔ تقریب میں پی سی سی کے معزز ممبران بشمول گوہر اعجاز، میاں عامر محمود، نعیم بٹ، اور حبیب رفیق گروپ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ سی بی ڈی پنجاب کی جانب سے، سی ای او عمران امین، چیئرمین بورڈ بیرسٹر سید اظفر علی ناصر اور سی بی ڈی پنجاب کے اعلیٰ حکام موجود تھے۔ سی بی ڈی کے سی ای او عمران امین نے کہا ’’اگلے 5 سے 10 سالوں میں، ہمارا وژن ایک ایسا ماسٹر پلان اور ترقیاتی منصوبے بنانا ہے جو نہ صرف کاروباری برادری کے اندر اعتماد پیدا کریں۔ کاروباری برادری کی طرف سے ہم پر جو اعتماد دیا گیا ہے اعلیٰ معیار کے انفراسٹرکچر کی فراہمی کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔ چیئرمین بورڈ سی بی ڈی سید اظفر علی ناصر نے کہا ہما را عزم بزنس کمیونٹی کیلئے آسان پالیسیاں متعارف کرانا اور کاروباری برادری کا اعتماد حاصل کرنا ہے۔ اس سنگ میل تک پہنچنے میں پی سی سی اور پبلک سیکٹر کا تعاون اہم رہا ہے۔ بزنس ٹائیکون گوہر اعجاز نے کہاان پلاٹوں کا قبضہ ہمارے لیے ایک اہم سنگ میل ہے اور پنجاب کی اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔