لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق سے محکمہ داخلہ میں علماء کرام کے وفد نے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق اور وفد کے درمیان محرم الحرام کیلئے ترتیب دیئے گئے سکیورٹی انتظامات و دیگر مسائل کے حل پر تبادلہ خیال ہوا۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ داخلہ میں علماء کرام کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ علماء کرام کے وفد کی تمام نیک خواہشات اور تمنائیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف تک پہنچائیں گے۔خواجہ سلمان رفیق نے بتایاکہ حکومت پنجاب نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں۔ مجالس و جلوسوں کے روٹس کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ پر امید ہوں کہ محرم الحرام کے ایام پر امن گزریں گے۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ محرم الحرام کے آغاز میں تمام ڈویژنز میں جا کر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ تمام ذمہ داران کو محرم الحرام کے سلسلہ میں خود لائسنس ہولڈرز اور بانیان کے پاس جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خواجہ سلمان رفیق سے علماء کرام وفد کی ملاقات ،محرم انتظامات و دیگر مسائل پرگفتگو
Jul 08, 2024