فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) فیصل آباد کے سب سے بڑے سرکاری الائیڈ ہسپتال کے ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے جواں سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی۔تفصیل کے مطابق فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال کے ڈاکٹروں نے 7 فروری کومریضہ اشنا کا آپریشن کیا، ڈاکٹرز نے مبینہ غفلت کا مظاہرہ کرکے دوران آپریشن مریضہ کے پیٹ میں قینچی چھوڑدی، ڈاکٹرز نے 10 فروری کو مریضہ کو ڈسچارج کردیا مگر درد کی شدت ہونے پر مریضہ نے دوبارہ ہسپتال سے رجوع کیا، مریضہ کا ایکسرے کروانے پر پیٹ میں قینچی کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔بتایا گیا ہے کہ مریضہ کے پیٹ میں موجود قینچی کی وجہ سے انفیکشن ہوگیا جس سے اس کی طبیعت مزید بگڑ گئی، اس کے باعث لواحقین یکم جولائی کو دوبارہ مریضہ کو الائیڈ ہسپتال لے آئے جہاں 5 روز زیرعلاج رہنے کے بعد انفیکشن پھیلنے کی وجہ سے 20 سالہ اشنا اتوار کو انتقال کرگئی، جس پر لواحقین نے احتجاج کیا تو تھانہ سول لائن پولیس موقع پر پہنچ گئی، ڈی ایس پی سول لائن نے نفری کے ہمراہ نعش کو ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا۔
فیصل آباد:ڈاکٹروں کی غفلت‘دوران آپریشن پیٹ میں قینچی بھولنے سے لڑکی جاں بحق
Jul 08, 2024