پشاور(آئی این پی )پشاور میں ابدرہ روڈ پر نامعلوم ملزمان رکشے پر سوار خواتین پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگئے، تیزاب گردی سے 2 خواتین معمولی زخمی ہوگئیں، جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ ابدرہ روڈ پر نامعلوم ملزمان موٹرسائیکل پر آئے اور ایک رکشے میں سوار خواتین پر تیزاب پھینکنے کے بعد فرار ہوگئے۔ پشاور پولیس کے مطابق تیزاب گردی کے باعث 2 خواتین 2 بچوں سمیت معمولی زخمی ہوئیں ، جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ آبدرہ روڈ پر پیش آئے واقعہ کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تیزاب گردی میں ملوث موٹر سائیکل سوار ملزمان واردات کے بعد آسانی سے موقع سے فرار ہوجاتے ہیں۔ متاثرہ خاتون کے ابتدائی بیان کے مطابق تیزاب گردی میں ان کے سابق شوہر ملوث ہیں، پولیس نے بتایا کہ تیزاب گردی سے زخمی ہونے والی خاتون کو پہلے شوہر نے طلاق دے کر دوسری شادی کی تھی۔ دوسری جانب پشاور پولیس مختلف مقامات پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم کی شناخت کی کوشش کررہی ہے، اور اس سلسلے میں جائے وقوعہ سے ملزم کی موٹر سائیکل اور دیگر اہم شواہد اکھٹے کرلیے گئے ہیں۔ ایس پی کینٹ ڈویژن وقاص رفیق کا کہنا ہے کہ جلد ملوث ملزم گرفتار ہوکر قانون کے گرفت میں ہوں گے۔
پشاور میں تیزاب گردی کا واقعہ، 2 خواتین جھلس کر زخمی، ملزم فرار
Jul 08, 2024