لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں علماء قیامِ امن کے لئے مثالی اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں۔ آج ملک و ملت کی سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ پوری امت کو متحد کر کے آزادیِ فلسطین و کشمیر کے لئے عملی کردار ادا کیا جائے۔ انہوں نے پاکستان کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ ہے کہ وہ قومی سلامتی کی طرح شعائرِ اسلام، صحابہؓ اور اہلِ بیتؓ کے تحفظ کو بھی یقینی بنائیں اور علمائے کرام اسلام کی مقدس ترین ہستیوں سیدنا عمر فاروقِ اعظمؓ اور سیدنا حسینؓ کے فضائل و مناقب اور سیرت و کردار کی روشنی میں امت کو امن و سلامتی اور سب کی عزت و احترام کا شعور دینے کے لئے اپنی تمام صلاحیتوں کا مثبت اور تعمیری استعمال کریں۔ وہ جامعہ عمر بن عبدالعزیز گلبرگ میں عظمتِ فاروقؓ و حسینؓ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ تمام مکاتبِ فکر کے علماء، مشائخ اور اہل علم و دانش کا فرض ہے کہ وہ اپنی تقریر و تحریر اور عمل کو ملک و ملت کی ضرورت اور توقعات کے مطابق بنائیں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کے ساتھ ساتھ شہدائے فلسطین و کشمیر کے حق میں بھی ہر جگہ پر زوردار آواز بلند ہونی چاہیے۔ سیدنا عمر فاروقِ اعظمؓ ہوں یا سیدنا حسین ابن علیؓ ان کی زندگیوں سے ہمیں سب سے بڑا سبق یہی ملتا ہے کہ ہم ہر طرح کے اختلافات اور باہمی رنجشوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے متحد ہو کر تمام باطل قوتوں کے خلاف ایک ہو کر میدان عمل میں نکلیں۔