سری نگر(کے پی آئی) جنوبی کشمیر میں بھارتی فوجی آپریشن میں6 کشمیری نوجوان شہید ہو گئے ہیں جبکہ 2 فوجی اہلکار مارے گئے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی)آر آر سوائن نے میڈیا کو بتایا کہ کہا کہ اب تک جنوبی ضلع کولگام میں دو الگ الگ واقعات میں مجموعی طور پر 6 کشمیر نوجوان مارے گئے ہیں دو بھارتی فوجی بھی مارے گئے۔ ضلع کولگام کے گاوں موڈرگام میں بھارتی فوج، نیم فوجی دستہ سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور مقامی پولیس پر مشتمل چھاپا مار ٹیم نے ہفتے کی شام کو نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں گھر گھر تلاشی لی۔ اتوار کوبھارتی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر سے اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک ہوگیا۔ جواب میں اس گھر کو تباہ کردیا گیا۔ گھر کے ملبے سے دو لاشیں ملی ہیں ۔اس کے فوری بعد کلگام کے علاقے فریسام میں بھارتی فوج کی ایک گھر پر شدید گولہ باری میں 4 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے جب کہ ایک فوجی اہلکار بھی جوابی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔ترجمان بھارتی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اس علاقے میں اب بھی دو عسکریت پسند کہیں چھپے ہوئے ہیں جن کی تلاش کے لیے علاقے کا محاصرہ کرلیا گیا۔