قرآن پاک پڑھتے بچوں سمیت 55 شہید: لبنان، ڈرون حملہ، حزب اللہ عہدیدار مارا گیا

غزہ‘ بیروت‘ لندن (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے 9 ماہ مکمل ہو گئے۔ غزہ سے فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں سے 24 گھنٹوں میں مزید 55 فلسطینی شہید ہو گئے۔ 7 اکتوبر سے جاری حملوں سے 38153 شہید‘ 87 ہزار 828 فلسطینی زخمی ہو گئے۔ یو این او کے زیراہتمام سکول پر بھی اسرائیل نے بمباری کی۔ 16 طلباء شہید ہوئے۔ عینی شاہد سماہ ابو امشا نے بتایا قرآن پاک پڑھتے بچے نشانہ بنے‘ 50 زخمی ہو گئے۔ لبنان کے شہر بعلبک میں کار پر ڈرون حملے میں حزب اﷲ کے فوجی عہدیدار میثم العطار شہید ہوئے۔ اسرائیلی عہدیدار نے کہا جنگ بندی معاہدے کے حوالے سے پرامید ہیں۔ فارن پریس ایسوسی ایشن نے اسرائیل کے بین الاقوامی میڈیا کے خلاف اقدام پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے 9 ماہ کی تباہ کن غزہ جنگ میں غیر ملکی میڈیا کو رسائی نہیں دی۔ حماس کے عسکری ونگ  القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے ویڈیو پیغام جاری کرتے کہا ہماری عسکری قوت مضبوط‘ ہر محاذ پر دشمن کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن