فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) شاہد خاقان عباسی کی عوام پاکستان پارٹی کو فیصل آباد میں بڑی سپورٹ مل گئی۔ سابق سٹی ڈسٹرکٹ ناظم رانا زاہد توصیف نے شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کر کے باضابطہ طور پر پارٹی جوائن کر لی ہے۔ انہیں عوام پاکستان پارٹی میں مرکزی عہدہ دئیے جانے کا امکان ہے۔ رانا زاہد توصیف ایک مرتبہ فیصل آباد سے ایم این اے اور ایک مرتبہ سٹی ڈسٹرکٹ ناظم منتخب ہو چکے ہیں۔ ان کے بھائی آصف توصیف دو مرتبہ ایم این اے رہ چکے ہیں۔ فیصل آباد کے سابق چیئرمین ضلع کونسل زاہد نذیر بھی رانا زاہد توصیف کے سیاسی حلیف سمجھے جاتے ہیں۔ زاہد نذیر کے بھائی عاصم نذید تین مرتبہ ایم این اے رہ چکے ہیں۔ فروری 2024ء کے الیکشن میں انہوں نے بعض وجوہات کی بناء پر ن لیگ کی ٹکٹ لینے سے انکار کر دیا تھا۔ سابق تحصیل ناظم سجاد حیدر چیمہ کو بھی اسی گروپ کا حصہ سمجھا جاتا ہے جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی چوہدری اشفاق فیملی اور فیصل آباد کی متعدد دیگر اہم سیاسی شخصیات بھی سیاسی طور پر اسی گروپ کا حصہ سمجھی جاتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق رانا زاہد توصیف نے شاہد خاقان عباسی کو اہم شخصیات کو پارٹی میں شامل کرانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
شاہد خاقان عباسی سے ملاقات‘ سابق ضلع ناظم زاہد توصیف عوام پاکستان پارٹی میں شامل
Jul 08, 2024