پشاور (نیٹ نیوز) خیبر پی کے کے ضلع ٹانک سے اغوا کئے گئے مزید 4 مغوی مزدوروں کو بھی اغوا کاروں نے چھوڑ دیا۔ 28 جون کو 13 مزدوروں کو گاؤں تنور سے ٹاور پر کام کے دوران اغوا کیا گیا تھا اور اسی روز اغوا کاروں نے 9 مزدروں کو رہا کردیا تھا اور چار کو اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ ڈی پی او عبدالسلام خالد نے بتایا تھا کہ ٹانک کے گاؤں تنور میں مزدور 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن پر کام کر رہے تھے۔ نامعلوم مسلح افراد نے انہیں اغوا کر لیا جہاں اغوا کئے گئے تمام 13 مزدوروں کا تعلق پنجاب سے تھا۔ بعد میں پولیس نے 9 مزدوروں کو بازیاب کرا لیا تھا جبکہ مزید 4 کی تلاش جاری تھی۔ 20 روز بعد باقی چار مزدوروں کو بھی چھوڑ دیا گیا۔