راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)محرم الحرام کی آمد کے موقع پر شہر میں امن و امان کی فضا قائم رکھنے کے لیے گرجا روڈ پر سالانہ شیعہ سنی امن واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت ممبر کینٹ بورڈ حاجی ظفر اقبال نے کی جبکہ سید قاسم شاہ،جاوید شاہ،قاضی شکور الہٰی،راجہ جہانگیر سمیت مختلف مکاتب فکر کے علما ء و مشائخ،پولیس افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا ء امن و امان کے حوالے سے بینرز اٹھا رکھے تھے۔واک کا اختتام ڈھوک سیداں چوک میں ہوا ۔ حاجی ظفر اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین نے دین اسلام کی اپنے خون سے آبیاری کی اور قیامت تک کے لیے حق و باطل کے درمیان فرق واضح کر دیا۔ہم سب کا فرض ہے کہ محرم الحرام کی حرمت کا خیال رکھتے ہوئے اسے پوری عقیدت و احترام سے منائیں اور صبر و تحمل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔اور اتحاد بین المسلمین کا عملی ثبوت دیں کیونکہ حسین رب کا ہے اور حسین سب کا ہے ۔