اسلام آباد(خبرنگار)بجلی کے بلوں میں 12 ہزار بلا جواز اضافے کے پیش نظر ینگ ڈاکٹرز کے وفد نے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر عمران سکندر رانا سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں تنخواہوں میں اضافے تک بجلی بل کی مد میں بارہ ہزار روپے کی ادائیگی کو مستثنی قراردیئے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پمز کیجانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وائے ڈی اے پمز کے صدر ڈاکٹر وقار نائب صدر ڈاکٹر حاشر اقبال‘ جنرل سیکر ٹری ڈاکٹر سید سعد ‘جوائنٹ سیکٹری ڈاکٹر عید ڈاکٹر فرحان اور ایگزیکٹو ممبر ڈاکٹر شہزاد اسلم اور ڈاکٹر عارف و دیگر نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر عمران سکندر رانا سے ملاقات کرکے تنخواہوں میں اضافے کے بغیر ڈاکٹرز پر بجلی بلز کے اضافی بوجھ ڈالے جانے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔