اسلام آباد(خبرنگار)رحمت للعالمین وخاتم النبیین اتھارٹی کے چیئرمین اور معروف سکالر خورشید احمد ندیم نے علما اور ذاکرین کو متوجہ کیا ہے کہ وہ محرم الحرام میں متنازعہ اور فرقہ وارانہ گفتگو سے احتیاط کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ماہ محرم کا احترام مشرکین مکہ بھی کرتے تھے تاہم کچھ عناصراس مقدس مہینے میں انتشار اور افتراق پھیلانے کی مذموم کوششیں کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ علما اور ذاکرین محرم میں مسلمانوں کی مبارک شخصیات کا ذکر اس انداز سے کریں کہ عام لوگوں میں ایک دوسرے کے درمیان محبت اور مودت کے رشتے مزید گہرے اور مضبوط ہوں انہوں نے مطالبہ کیا کہ سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ اور متنازعہ مباحث چھیڑنے کے پیچھے معاشرے اور ملک کو نقصان پہنچانے والے عناصر ہیں حکومتی سطح پر ایسے اکانٹس کا محاسبہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں میں بھی اس بات کا شعور اور ادارک ہونا چاہیے کہ وہ ان اکانتس کو رپورٹ کریں اور ملک و قوم کو نقصان پہنچانے والی اور وقت کا ضیاع بننے والی بحثوں میں الجھنے سے گریز کریں۔