کراچی : مختلف علاقوں میں گہرے سیاہ بادل چھاگئے ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہرمیں گرمی اور حبس کی کیفیت برقرار ہے. تاہم مختلف علاقوں میں گہرے بادل چھاگئے۔سرجانی،گڈاپ ٹاؤن،نارتھ کراچی میں کالے بادلوں نے آسمان کو گھیرے میں لے لیا ہے، شہریوں کو بادلوں کے کھل کے برسنے کا انتظار ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہر قائد کے باسیوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا تھا کہ شہر میں آج درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب اندرون سندھ شدید گرمی کے بعد بادل برس پڑے، مٹیاری کے مختلف علاقوں میں برسات سےگرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔نواب شاہ میں بھی شہریوں کی دعائیں قبول ہوگئیں، تحصیل قاضی احمد اور گردونواح میں بارش سےگرمی کا زور ٹوٹ گیا لیکن بارش ہوتے ہی بجلی بھی غائب ہوگئی۔عمرکوٹ شہر اور گردونواح میں بھی بارش نے موسم بدل دیا اور گرمی کم ہوگئی جبکہ دادو اورگردونواح میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا مگر مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔