ہنزہ کی عطاء آباد جھیل سے پانی کا اخراج آمد سے زیادہ ہے۔ سپل وے کے ذریعے ہونے والے اخراج کے باعث جھیل میں پانی کی سطح میں تین انچ کمی واقع ہوئی ہے۔ جھیل میں پانی کی آمد اس وقت چار ہزار کیوسک کے قریب ہے ۔ سیلاب کے باعث شیش کٹ ، گلمیت اورپسوکے نشیبی علاقوں میں بہت زیادہ پانی جمع تھا جواب مسلسل کم ہورہا ہے اوریہاں سے بھی مزید اخراج کا امکان ہے ۔ انتظامیہ نے ان علاقوں میں کشتی سروس بحال کردی ہے۔ ادھرآئین آباد کا علاقہ زیرآب آنے کی وجہ سے مکمل طور پرتباہ ہوچکا ہے جبکہ دینیش کو خطرے کے باعث خالی کرالیا گیا ہے ۔ گلگت اور وادی ہنزہ میں موسم ابر آلود اور وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے امدادی سرگرمیاں متاثرہورہی ہیں ۔ واضح رہے کہ وادی ہنزہ کے علاقے عطاء آباد میں رواں سال چارجنوری کو گلیشیئرکا پانی جمع ہونا شروع ہوا تھا جوبروقت توجہ نہ دینے سے ایک خطرناک جھیل کی شکل اختیارکرگیا ۔ اس جھیل کی وجہ سے پچاس ہزار افراد متاثرہوئے جبکہ شاہراہ قراقرم تباہ ہونے کے باعث تجارتی سرگرمیاں تاحال معطل ہیں۔