سرینگر (کے پی آئی) حریت کانفرنس نے میاں نواز شریف کو وزیراعظم پاکستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان پر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے۔ موصولہ بیان کے مطابق حریت کی ایگزیکٹو کونسل کا ایک ہنگامی اجلاس چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی صدارت میں ہوا‘ جس میں حریت ایگزیکٹو ارکان پروفیسر عبد الغنی بٹ‘ بلال غنی لون‘ آغا سید حسن الموسوی الصفوی‘ مولانا مسرور عباس انصاری‘ مختار احمد وازہ اور محمد مصدق عادل نے شرکت کی۔ بیان کے مطابق اجلاس میں کشمیر اور بیرون کشمیر وقوع پذیر ہو رہی سیاسی تبدیلیوںپر تفصیل کے ساتھ غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان میں نواز شریف کو وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر کشمیر ی عوام کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ حکومت پاکستان کشمیری عوام کی بے مثال قربانیوں کے پیش نظر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی اور بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کسی بھی متوقع مذاکراتی عمل میں کشمیری مزاحمتی قیادت کی شمولیت کو یقینی بنائے گی۔
حریت کانفرنس کی نواز شریف کو مبارکباد مسئلہ کشمیر ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ
Jun 08, 2013