اسلام آباد (ثناءنیوز)آئل اینڈ گیس ریگولیٹر اتھارٹی(اوگرا(نے پبلک ٹرانسپورٹ ویگنوں میں سی این جی بھرنے پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ اس کا اطلاق چھتوں پر نصب سلنڈروں والی گاڑیوں پر نہیں ہوگا۔نجی ٹی وی نے بتایا ہے سرکاری مراسلے کے مطابق، سیٹوں کے نیچے نصب سلنڈروں میں سی این جی بھرنا غیر قانونی ہے۔اوگرا حکام نے بتایا تمام چیف سیکرٹریز، چیف کمشنر اسلام آباد کو پابندی کے خط ارسال کردیے ہیں۔خط میں اوگرا کی چھاپہ مار ٹیموں کو ہدایات نہ ماننے والے سٹیشنوں کے کنکشن منقطع کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جبکہ اس حوالے سے 22 سی این جی سٹیشنوں کے کنکشن کاٹ دیئے گئے ہیں۔دوسری جانب چئیرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ نے کہا ہے ویگنوں میں سی این جی اوگرا رولز 1992 کے مطابق بھری جا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا سی این جی رولز کے باوجود پابندی عائد کرنا خلاف قانون ہے اور کوئی نیا رول یا قانون بنایا گیا ہے تو انہیں آگاہ کیا جائے۔غیاث پراچہ نے بتایا وزارت پیٹرولیم اور اوگرا سے وضاحت مانگی ہے لیکن جواب نہیں ملا۔
سیٹوں کے نیچے نصب سلنڈروں والی پبلک ٹرانسپورٹ میں سی این جی بھرنے پر پابندی
Jun 08, 2013