مشرف قومی مجرم ہیں معافی نہیں ملنی چاہیے: ساجد میر

Jun 08, 2013

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ مشرف قومی مجرم ہے کسی فرد کے معاف کرنے سے اسے معافی نہیں ملنی چاہئے۔ کسی بھی طالع آزما کو نشان عبرت بنانے کا اس سے بہتر اور موقع نہیں ہو سکتا۔ جامعہ ابراہیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین کو بازیچہ اطفال بنانے اور جمہوریت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کے لئے معافی کا کوئی دروازہ نہیں کھولنا چاہئے۔ انصاف کا تو یہی تقاضا ہے کہ مشرف کے خلاف زیر سماعت مقدمات کا عدالتوں میں فیصلہ ہونے دیا جائے اور اس وقت تک انہیں قانون کی تحویل میں رکھا جائے۔ اس سلسلہ میں نئے حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مشرف کے مقدمات میں قانون و انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے متعلقہ عدالتوں کی معاونت کریں۔ عدالتیں مشرف کے مقدمات میں جو بھی فیصلہ کریں گی اسے لاگو کرنا بھی حکومتی مشینری کی ذمہ داری ہے۔ نومنتخب وزیراعظم میاں نواز شریف اور نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے اقتدار سنبھالتے ہی ملکی تعمیر و ترقی کے لئے جن عزائم کا اظہار کیا ہے اگر ان پر عمل ہو گیا تو کافی حد تک عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث نومنتخب حکومت کے ایجنڈے کو مکمل سپورٹ کرتی ہے اور ہر بحران کے حل میں ممدو معاون بنے گی۔

مزیدخبریں