لاہور (خصوصی رپورٹر) محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے آمر کے ہاتھوں بہت ظلم سہے‘ اللہ نے انکی مدد کی۔ حکومت نے بجلی کے بحران کے خاتمے کیلئے تجاویز مانگی تو ضرور دوں گا۔ پاکستان کے پاس ایٹم بم ہونے کی وجہ سے پاکستان بھارت جنگ نہیں ہو کتی‘ ایٹم بم لوگوں کو مارنے کیلئے نہیں بلکہ امن کیلئے ہتھیار بنایا ہے‘ نئی حکومت کو بجلی کی لوڈشیڈنگ‘ کرپشن اور دیگر مسائل کے حل کیلئے بھرپور اقدامات کرنا ہوں گے۔ ڈرون حملے ملک کی سالمیت اور خود مختاری کے خلاف ہیں ان کو بھی روکا جائے۔ جمعہ کے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہاکہ جب میں لاہور آ¶ں شہباز شریف کو دعائیں دینے کو دل کرتا ہے لیکن کراچی کے حالات دیکھوں تو دل خون کے آنسو روتا ہے عام انتخابات میں ن لیگ کی بھرپور کامیابی شہباز شریف کی دن رات کی محنت کا نتیجہ ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ آئندہ بھی پنجاب میں بھرپور ترقیاتی کام کریں گے جس سے صوبے میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگیں ہوتی رہیں لیکن جب سے پاکستان نے ایٹم بم بنایا ہے اب دونوں ملکوں کے درمیان کوئی جنگ ہوئی اور نہ ہو گی کیونکہ بھارت جانتا ہے کہ اگر اس نے کوئی غلطی کی تو اس کے کتنے خطرناک نتائج نکلیں گے۔ قبل ازیں ایٹمی سائنسدان اور تحریک تحفظ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے راوی روڈ پر اے کیو خان ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس ہسپتال پر 2ارب روپے لاگت آئیگی جو کہ 2سال میں مکمل ہو گا۔ ڈاکٹر صاحب کے ترجمان نے بتایا کہ ہسپتال ابتدائی طور پر 200بستروں پر مشتمل ہو گا۔
نواز شریف نے آمر کے ہاتھوں بہت ظلم سہے‘ اللہ نے انکی مدد کی: ڈاکٹر قدیر
Jun 08, 2013