لاہور (نیوزرپورٹر ) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں خسرہ سے مریضوں کی ہلاکت اور آمد کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ روز بھی خسرہ کی وبا سے مزید 5 دم توڑ گئے جبکہ پنجاب میں مجموعی طور پر 195 جبکہ لاہور میں 19 نئے مریض سامنے آئے ہیں ۔ ڈائریکٹر سی ڈی سی ڈاکٹر جعفر الیاس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2حافظ آباد ، 1چلڈرن ہسپتال لاہور میں ایک اور ٹوبہ ٹیک سنگھ آئی کم ہسپتال میں ایک ہلاکت واقع ہوئی ہے جسکے بعد پنجاب بھر میں ہلاکتوں کی تعداد144 ہوگئی ہے۔ رواں سال کے دوران پنجاب بھر میں خسرہ کے مریضوں کی تعداد 16419 اور لاہور میں یہ تعداد 4940 ہوگئی ہے۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق پنڈی بھٹیاں کے محلہ حسن پورہ کا اڑھائی سالہ گوہر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں چل بسا۔ آن لائن کے مطابق ملتان کے ہسپتالوں میں خسرہ سے متاثرہ مریضوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے گزشتہ روز سول چلڈرن اور نشتر ہسپتال میں 100 مریض لائے گئے۔