لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ موجودہ حکومت کو ختم کرنے کیلئے لندن میں ق لیگ ، عوامی مسلم لیگ اور تحریک انصاف کے درمیان اتفاق ہو گیا ہے۔ وہ گزشتہ روز لندن سے پاکستان واپس پہنچنے پر نوائے وقت سے ٹیلیفونک گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا جس طرح سورج مشرق سے نکل مغرب میں غروب ہوتا ہے بالکل اسی طرح واضح ہو گیا ہے کہ موجودہ حکمران دھاندلی کے زور پر برسراقتدار آئے ہیں، ان حکمرانوں کیخلاف احتجاج کرنا، تحریک چلانا یا انکی حکومت کا خاتمہ کرنا غیر آئینی نہیں ہے۔ عوامی طاقت کے ذریعے قوم کو موجودہ حکومت سے نجات دلائی جائیگی۔ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ الیکشن کمیشن کے معاملے پر بھی اتفاق رائے ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں ماسوائے مسلم لیگ (ن) رابطے کئے جائیں گے۔