نوشہرہ (آن لائن) وزیر اعلیٰ خیبرپی کے پرویز خان خٹک نے کہا ہے مشکل حالات میں صوبے کے عوام کو متوازن اور فلاحی بجٹ دیں گے، غریب عوام کا استحصال کرنیوالوںکادور ختم ہوچکا۔ تحریک انصاف غریب عوام کی حالت زندگی تبدیل کرنے اور نظام کی تبدیلی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ تبدیلی کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوچکے ہیں۔ وفاقی بجٹ میں خیبرپی کے کے عوام کو یکسر نظر انداز کیا گیا جس سے عوام میں مایوسی پھیلی ہے۔ وفاقی بجٹ میں بجلی اور گیس قیمتوںمیں دوگنا اضافہ کرکے مہنگائی کا ایک نیا طوفان کھڑ کردیا ہے جس کو ہم مسترد کرتے ہیں۔ وفاق چاروں صوبوں کو پسماندگی اور آبادی کے تناسب سے ترقیاتی فنڈ میں حصہ دے۔ ایبٹ آباد کے انتخابات میں تحریک انصاف نے اپنے ووٹ بینک میں دوگنا اضافہ کیا ہے۔ آنیوالا دور تحریک انصاف کا ہے اور عمران خان مستقبل کے وزیر اعظم ہوں گے۔ وہ نوشہرہ کے علاقے ڈھیر ی کٹی خیل میں جلسے عام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حکومت صوبے کی یکساں ترقی چاہتی ہے جبکہ وفاقی بجٹ میں صرف پنجاب میں چند علاقوں کی ترقی پر ملک کے وسائل خرچ کرنے کا جو پروگرام بنایا گیا اس سے قومی یکجہتی کو نقصان ہوگا اور صوبوں میں احساس محرومی بڑھے گا۔ وزیراعظم اور شہبازشریف کو چاروں صوبوں کے عوام کی یکساں ترقی کی سوچ اپنانی ہوگی۔ سابقہ حکمرانوں نے بیوروکریسی میں چوروں اور لیٹروں کے ساتھ ملکر نہ صرف ملک کے وسائل لوٹے اور اسکو بے دریغ استعمال کیا بلکہ تقرریوں اور تبادلوںکی قیمتیں وصول کرکے میرٹ کی دھجیاں اڑائی اور حقدار کو حق سے محروم کیا۔