ہیگ (سپورٹس ڈیسک) ہالینڈ میں جاری ہاکی ورلڈکپ میں بیلجیئم نے سپین کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر آؤٹ کلاس کر دیا۔ بیلجیئم کے کھلاڑی میچ شروع ہونے کے ساتھ چھا گئے اور مخالف ٹیم کے گول پوسٹ پر پے درپے حملے کرتے رہے۔ کوزنیس نے کھیل کے 13ویں منٹ میں پہلا گول کرکے ٹیم کو برتری دلا دی۔ انہوں نے 38ویں منٹ میں بھی گول کیا۔ 16ویں منٹ میں ڈی سائیڈلیر نے، 34ویں منٹ میں سٹاک بروکس جبکہ ڈوہمین نے 47ویں منٹ میں گول کیا۔ سپین کی طرف سے تیاؤ نے 58ویں جبکہ فریکسا نے 66ویں منٹ میں گول کیا۔ مردوں کے دوسرے میچ میں بھارت نے ملائیشیا کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دیدی۔ تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ آسٹریلیا نے صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے کامیابی حاصل کی۔ کینگروز کی جانب سے گوہڈیز نے پہلے ہی منٹ میں گول کرکے حریف ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا۔ ڈی ہنگ نے تیرہویں، ڈائر نے 29ویں، گوورز نے 35ویں جبکہ زیلیسکی نے 38ویں منٹ میں گول کیا۔ انگلینڈ کی ٹیم کسی بھی موقع سے فائدہ نہ اُٹھا سکی۔ خواتین کے مقابلوں میں کوریا نے بیلجیئم کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دیدی۔ آج نیوزی لینڈ کا مقابلہ جرمنی، جنوبی کوریا کا ارجنٹینا اور جنوبی افریقہ کا ہالینڈ سے ہو گا۔
ہاکی ورلڈ کپ: آسٹریلیا انگلینڈ کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا
Jun 08, 2014