سرگودھا میں جیکٹ پھٹنے سے دہشت گرد ہلاک

Jun 08, 2015

اداریہ

سرگودھا میں خودکش حملے کی کوشش ناکام ہو گئی۔ آر پی او ہاؤس سے چند قدم کے فاصلے پر خیام چوک میں بارودی مواد پھٹنے سے 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ دہشت گردی کے ناسور نے پوری قوم کو یرغمال بنا کر ذہنی مریض بنا دیا ہے۔ کچھ عرصہ قبل تک عوام دہشت گردوں کا سن کر بھاگ جاتے تھے لیکن اب عوام ان کے مقابلے کے لئے اکٹھے ہو جاتے ہیں۔ اسی حوصلے کی بنا پر دہشت گردوں کے حوصلے پست ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ گزشتہ روز سرگودھا میں آر پی او ہاؤس کے قریب دہشت گرد کی جیکٹ پھٹنے سے دونوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق دونوں دہشت گرد آپس میں گتھم گتھا ہو گئے تھے۔ اسی دوران دھماکہ ہوا اور دونوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے اعضا کا ٹیسٹ کر کے ان کے لواحقین اور پھر اس کے بعد ان کے اصل ٹھکانوں تک پہنچ کر انہیں ختم کریں۔ ضرب عضب آپریشن کے باعث دہشت گرد شمالی وزیرستان سے تتربتر ہو گئے ہیں۔ بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر یہ ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں۔ لہٰذا انتظامیہ ملک بھر میں سکیورٹی الرٹ کرے تاکہ دہشت گردوں کو کہیں بھی اپنے مذموم مقاصد پورا کرنے کا موقع نہ مل سکے۔ اس سلسلے میں حکومت کو انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کو سخت کرنا چاہیے تاکہ کوئی دہشت گرد شہر میں نہ گھس سکے۔

مزیدخبریں