روہنگیا مسلمانوں پر ظلم کیخلاف 14جون کو اسلام آباد میں بڑا مظاہرہ کرینگے: سراج الحق

Jun 08, 2015

لاہور + پشاور (خصوصی نامہ نگار+ بیورو رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے عام آدمی کا مسئلہ ائر کنڈیشنر اور گاڑی نہیں بلکہ آٹا ہے، حکمرانوں نے عام آدمی کی پریشانیوں کو کم کرنے کے بجائے ان میں اضافہ کردیا ہے، حکومت نے بجٹ میں عام آدمی کی ضروریات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے، عوام ٹیکس چوروں اور حرام خوروں سے تنگ آچکے ہیں اور ملک میں اسلامی انقلاب کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔ مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان کو مسلم ریاستوں سے الگ کرنے والوں کو میانمار میں مسلمانوں کا قتل عام کیوں نظر نہیں آتا۔ میانمارکے مسئلہ پر اقوام متحدہ کے ساتھ عالم اسلام میں بھی قبرستان کی سی خاموشی ہے۔ مسلم دنیا کے حکمران اس وقت تک زبان نہیں کھولتے جب تک اوباما کسی ظلم کی مذمت نہ کردے ۔ حکمرانوں کا قبلہ مکہ مکرمہ نہیں واشنگٹن ہے۔ واشنگٹن کے غلام چاہتے ہیں قرآن پڑھنے اور اسلامی نظام کی بات کرنے والے ’’مجرموں‘‘ کو پکڑ کر سمندر میں پھینک دیا جائے۔ منصورہ میں مختلف شہروں سے آئے ہوئے سینکڑوںکارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک میں اسلام کے عادلانہ نظام کی راہ میں امریکہ، بھارت یا اسرائیل نہیں حکمران رکاوٹ ہیں، حکمران نہیں چاہتے عام آدمی ان کے برابر کھڑا ہو اور عوام کی رسائی اقتدار کے ایوانوں تک ہو۔ جماعت اسلامی 14جون کو اسلام آباد میں روہنگیا مسلمانوں پر ظلم کے خلاف بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ پشاور سے بیورو رپورٹ کے مطابق اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ خصوصی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے مطالبہ کیا 30مئی کو صوبہ خیبر پی کے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جن حلقوں میں انتخابی دھاندلی کی ٹھوس شکایات موجود ہیں الیکشن کمشن ان کا ازالہ کرے بعض حلقوں میں انتخابی دھاندلیوں کی شکایات پر پورے الیکشن کو کالعدم قرار نہیں دینا چاہئے۔ شٹرڈائون ہڑتال اور پہیہ جام جیسی احتجاجی تحریکیں کسی بھی صورت صوبے کے عوام کے مفاد میں نہیں۔

مزیدخبریں