اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) سابق صدر آصف علی زرداری نے واضح کیا ہے کہ پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کو اس امر کی اجازت نہیں دیگی کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کو ملنے والی مراعات واپس لے۔ سابق صدر کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر کی طرف سے جاری بیان میں سابق صدر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو دھوکا دینے کیلئے اور انکی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے میاں نوازشریف نے چند روز قبل گلگت - سکردو روڈ شروع کرنے کا اعلان کیا مگرسالانہ ترقیاتی پروگرام اور بجٹ کی دستاویزات سے یہ بات بھی ثابت ہوگئی ہے کہ چند روز قبل نواز شریف نے 47 بلین روپے گلگت بلتستان کی ترقی کے لئے خرچ کئے جائیں گے۔ ان نام نہاد منصوبوں کے لئے اس بجٹ میں رقم نہیں رکھی گئی۔ ساق صدر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے خلاف تمام ظالمانہ فیصلے فوری طور پر واپس لئے جائیں۔ حکومت کو اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کے مصائب میں اضافہ کرے۔ ان غریب عوام کے مصائب کو ختم اور مسائل کو حل نہ کیا گیا تو ان میں احساس کمتری پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ سابق صدر نے ان اطلاعات پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جن کے مطابق گلگت بلتستان کے عوام سے گندم پر سبسڈی ختم کی جا رہی ہے۔