سہیون شریف (نامہ نگار + ایجنسیاں ) حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس پر گرمی سے 2 عورتوں سمیت مزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے زائرین کی اموات ہوئیں۔ دوسری دھمال کے دوران 9 زائرین دم توڑ گئے جن میں عمر رسیدہ خاتون غلام فاطمہ، پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارشد، محمد حسین، بشیر احمد (کراچی) نزاکت کمالیہ، محمد چھٹل (شہداد پور) شبیر احمد جبکہ نہر میں نہاتے ہوئے حسنہ بی بی ڈوب کر جاں بحق ہوگئی۔ متعدد افراد کی گرمی اور لو لگنے سے حالت بگڑ گئی ہے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ علاوہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سہون شریف میں گرمی اور حبس کے باعث ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی نااہلی اور نالائق پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ زائرین کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات عمل میں نہیں لائے گئے۔ علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے بھی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ الطاف حسین نے کہا وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس پر زائرین کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔
لعل شہباز قلندر کے عرس پر آنیوالے 2 خواتین سمیت مزید 9 زائرین گرمی سے جاں بحق
Jun 08, 2015