کراچی (آن لائن) کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں باپ بیٹے اور پولیس اہلکار سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے کے قریب جمالی گوٹھ میں مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 38سالہ مومن خان اور اس کا 6 ماہ کا بیٹا صفی اللہ جاں بحق جبکہ ماں شدید زخمی ہوگئی۔ مومن خان کوئٹہ کا رہنے والا تھا، پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے ، نعشوں اور زخمی خاتون کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ نیو کراچی صنعتی ایریا میں فائرنگ سے پولیس اہلکار سیف اللہ جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ بلدیہ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا دریں اثنا لیاری کے علاقے بہار کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق جاں حق افراد کی شناخت شعیب، ندیم اور شانی کے نام سے ہوئی، کورنگی میں فائرنگ سے دوافراد زخمی ہو گئے۔ نارتھ ناظم آباد میں پولیس مقابلے میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایک فرارہو گیا۔ ملزموں کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی ہوا ملزم ساتھی کے ہمراہ شہریوں سے لوٹ مار کر رہا تھا۔ دوسری طرف پولیس نے جامعہ کراچی کے شعبہ ابلاغ عامہ کے اسسٹنٹ پروفیسر وحید الرحمان عرف یاسر رضوی اور پروفیسر شکیل اوج کے قتل میں ملوث گروہ کا سراغ لگا لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلر منصور نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ پروفیسر شکیل اوج قتل میں مجھ سمیت 5 ملزم شامل تھے۔ ملزم منصور نے کہا فہیم جیل پوری اور احتشام الدین کو میں جانتا ہوں جبکہ باقی دو ملزمان کو نہیں جانتا۔ پروفیسر شکیل اوج کے قتل کا حکم بیرون ملک سے ملا تھا۔ ٹارگٹ کلر کا کہنا تھا پروفیسر شکیل اوج کو کیوں قتل کیا گیا یہ معلوم نہیں ہے۔ علاوہ ازیں لیاری کے مختلف علاقوں میں رات گئے رینجرز اور پولیس کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں بابا لاڈلا گروپ کے 2گینگسٹر مارے گئے ان میں عبداللہ بلوچ 17 افراد کے قتل میں ملوث تھا۔
کراچی / ہلاکتیں
کراچی : تشدد جاری‘ باپ بیٹے پولیس اہلکار سمیت آٹھ جاں بحق‘ مقابلے میں دو گینگسٹر ہلاک
Jun 08, 2015