واشنگٹن(آئی این پی ) امریکی سنیٹر لنڈسے گراہم نے دہشتگردی کے خاتمے میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے علاقائی امن اور استحکام بڑھانے کیلئے امریکہ اور پاکستان کے مابین قریبی تعاون پر زوردیا ہے۔ بدھ کو امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزازچودھری نے امریکی سینیٹرلنڈسے گراہم سے ملاقات کر کے انہیں پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف کامیابیوں سے آگاہ کیا۔اعزازچودھری نے ملاقات میں پاکستانی کی بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر سینیٹرلنڈسے گراہم نے دہشتگردی کے خاتمے پر پاکستان کی تعریف کی۔ سینیٹر گراہم نے علاقائی امن اور استحکام بڑھانے کیلئے قریبی تعاون پر زوردیا۔امریکہ میں پاکستانی سفیر اعزاز چودھری نے تھنک ٹینک سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں 5 ہزار فوجی جوان شہید ہوئے۔ پاکستان نے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو ختم کردیا ہے۔اعزاز چودھری نے اٹلانٹک کونسل کے جنوبی ایشیا سینٹر کے مباحثے میں شرکت کی۔ مباحثے کا عنوان علاقائی تناظر میں امریکہ کی افغان حکمت عملی تھا۔ اعزاز چودھری نے کہا کہ امن کی کوششوں میں افغان قیادت کے بیانات سے رکاوٹ نہ پیدا کی جائے۔ بداعتمادی کے باعث ترقی کے راستے بند ہونے کا اندیشہ ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بداعتمادی امن کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
دہشت گردی کیخلاف پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے:لنڈسے گراہم
Jun 08, 2017