ناگالینڈ میں8 گھنٹے جھڑپ‘ بھارتی میجر اور5 علیحدگی پسند مارے گئے

نئی دہلی ( بی بی سی + آن لائن) ناگالینڈ کے ضلع مون میں جنگلات میں علیحدگی پسندوں کے ٹھکانے پر چھاپا مارا۔ فوج پر دستی بم پھینکے اور خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک بھارتی میجر ڈیوڈ ہلاک اور دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ بھارتی فوج کی جوابی کارروائی میں پانچ علیحدگی پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے جبکہ فائرنگ کا تبادلہ 8 گھنٹوں تک جاری رہا۔ مارے گئے میجر کا تعلق شلنگ سے تھا۔ پولیس چیف ایل ایل دونگل نے بتایا کہ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے تاکہ شدت پسندوں کو میانمار فرار ہونے سے روکا جاسکے۔ خیال رہے کہ ناگالینڈ میں مختلف علیحدگی پسند تحریکیں سرگرم ہیں جبکہ یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف ویسٹرن ساؤتھ ایسٹ ایشیا کا تعلق میانمار سے ہے جس کے علیحدگی پسند بھارت کی ساتھ شمال مشرقی ریاستوں میں سرگرم ہیں۔ بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں میں سرگرم علیحدگی پسند تنظیمیں علاقائی خود مختاری اور بھارت سے علیحدگی تک کا مطالبہ کرتی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن