اسلام آباد(آئی این پی) وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ جے آئی ٹی پر تمام تحفظات ریکارڈ پر لائے گئے ہیں ، سپریم کورٹ نے ہماری درخواست کو مسترد نہیں کیا تھا، وزیراعظم اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں، رکاوٹ ڈالنی ہوتی توکمیشن بنانے کی بات نہ کرتے، تصویر والے معاملے پرکوئی سیاست نہیں کی جارہی۔ بدھ کو نجی ٹی وی پروگرام سے گفتگو میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی پر تمام تحفظات ریکارڈ پر لائے گئے ہیں ، تمام تحفظات کے باوجودپیش ہورہے ہیں اور عدالت سے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تفتیش کے دوران تضحیک آمیزرویہ نہیں اپناناچاہیے۔ جتنے بھی متنازعہ معاملات سامنے آئے،سپریم کورٹ نوٹس لے۔علاوہ ازیں وزیرمملکت اطلاعات کی زیرصدارت وزارت اطلاعات میں ایک اجلاس ہوا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے جمہوری اور اعتدال پسند تشخص کو اجاگر کیا جائے اور پاکستان کے بیانیے کے فروغ کے لئے ڈیجیٹل میڈیا اور شول میڈیا کا موثر اور بہترین استعمال یقینی بنایا جائے جس کیلئے متعلقہ محکموں کو مل کر کام کرنا چاہیے ۔ ڈیجیٹل رجحانات کیلئے وزارت اطلاعات کے سوشل میڈیا ونگز کی تنظیم نو ضروری ہے ، سوشل میڈیا کے حوالے سے تربیت کیلئے مربوط حکمت عملی تیار کیا جائے ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ سوشل میڈیا مواصلات کا تیز ترین اور سستا میڈیم بن چکا ہے ، فیس بک ، ٹوئٹر اور دیگر ذرائع تک عوام کی رسائی آسانی سے ممکن ہے ۔