اسرائیلی وزیرداخلہ اور انکی اہلیہ کے خلاف کرپشن کے الزامات کی تحقیقات شروع

مقبوضہ بیت المقدس‘ الخلیل (اے این این)اسرائیلی وزیر داخلہ اریے ادرعی اور ان کی اہلیہ پربدعنوانی کے الزامات سامنے آنے کے بعد ان سے پوچھ گچھ شروع کی گئی ہے۔اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کے انسداد بدعنوانی کے حکام نے اسرائیلی وزیر داخلہ اریے درعی اور ان کی اہلیہ کو ایک پولیس سینٹر میں طلب کیا جہاں ان سے مبینہ کرپشن کے الزامات کے بارے میں سامنے آنے والی معلومات پر پوچھ گچھ کی گئی۔شدت پسند مذہبی جماعت شاس کے چیئرمین اور وزیر داخلہ اریے درعی اور اس کی اہلیہ پر رشوت وصول کرنے، منی لانڈرنگ، امانت میں خیانت، دھوکہ دہی، سرقہ اور ٹیکس چھپانے سمیت دیگر جرائم کا الزام عائد کیا گیا ہے۔دریں اثناء مقبوضہ فلسطین کے شمالی شہر الجلیل میں لبنان کی سرحد کے قریب اسرائیلی فوج کی جاری مشقیں اچانک ختم کردی گئی ہیں۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق صہیونی فوج کی طرف سے جاری کردہ الخلیل شہر میں جاری فوجی مشقیں روک دی گئی ہیں۔ یہ فوجی مشقیں معمول کی مشقوں کا حصہ تھیں تاہم انہیں وقت مقررہ سے قبل ہی روک دیاگیا ہے۔ فوجی مشقیں روکے جانے کے بعد ان میں حصہ لینے والی فورسز کو شمالی علاقوں کی طرف روانہ کردیا گیا ہے۔ادھرقابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں نصب کی گئی ایک کم عمر فلسطینی شہیدہ بیان عسیلہ کی یادگاردوبارہ مسمار کرڈالی۔ شہیدہ کی یادگار گذشتہ اپریل میں بھی مسمار کی گئی تھی مگر فلسطینی شہریوں نے اسے دوبارہ بنا لیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن